کلاسز کا آغاز 106

ایم بی بی ایس کے سٹوڈنٹس کو فرسٹ ایئر ہی سے ہسپتال وارڈز میں کلینیکل ٹریننگ دی جائے گی وائس چانسلریونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز

فیصل آباد (رپورٹنگ آن لائن)میڈیکل کالجز کے نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کردیا گیا ہے جس میں قرآنی تعلیمات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انٹرپرینیورشپ اور عصرحاضر کی ضروریات کے مطابق دیگر علوم پرخصوصی توجہ دینے سمیت نئے نصاب کے مطابق ایم بی بی ایس کے سٹوڈنٹس کو فرسٹ ایئر ہی سے ہسپتال وارڈز میں کلینیکل ٹریننگ دی جائے گی۔یہ بات یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزلاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور نے یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج فیصل آباد میں یونیورسٹی آ ف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام میڈیکل کالجز کے نئے نصاب سے متعلق تربیتی ورکشاپ سے بذریعہ وڈیو لنک اپنے خطاب میں کہی۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی آ ف ہیلتھ سائنسز لاہور کے شعبہ میڈیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام پنجاب کے میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کیلئے نئے نصاب کیلئے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے لہٰذا یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج فیصل آباد میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔

ورکشاپ جس میں فیصل آباد کے تمام میڈیکل کالجز کے پرنسپلز، وائس پرنسپلز اور پروفیسرز نے شر کت کی سے خطاب میں ڈاکٹر احسن وحید راٹھورنے میڈیکل کالجز کیلئے نئے نصاب کے اغراض ومقاصد کے متعلق بتایا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجز کے نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔ڈاکٹر احسن وحید نے مذکورہ اہم تربیتی نشست کے انعقاد کیلئے یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج فیصل آبادکی کوششوں کو بیحد سراہا۔تقریب میں پنجاب میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فیصل بلال لودھی نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔پرنسپل یونیورسٹی میڈیکل اینڈڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر عامر علی چوہدری نے تمام شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس اہم ورکشاپ کے انعقاد کیلئے یونیورسٹی آ ف ہیلتھ سائنسز کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں یونیورسٹی آ ف ہیلتھ سائنسز کے ورکنگ گروپ کی ممبرز ڈاکٹر کومل عطا اورڈاکٹر نور کرن حارث نے تربیتی لیکچرز دیئے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں