تہران (رپورٹنگ آن لائن) ایران نے امریکا کے خلاف دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی ثالثی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران نے جوہری تنصیبات کے خلاف فوجی جارحیت، اقتصادی پابندیوں اور طاقت کے استعمال کی دھمکی کی بنیاد پر امریکا کے خلاف بین الاقوامی ثالثی عدالت میں مقدمہ دائر کیا۔
ایرانی حکومت نے اپنی درخواست کی بنیاد 1981 کے الجزائر معاہدوں پر رکھی اور امریکا پر ایران کے خلاف 12 روزہ جنگ کے دوران اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا، مقدمہ ایران امریکا کلیمز ٹریبونل میں درج کیا گیا۔
ایران نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکا کو ایران کے داخلی معاملات میں ہر قسم کی مداخلت ختم کرنے کا پابند بنائے، اس بات کی ضمانت دی جائے کہ آئندہ ایسی خلاف ورزیاں نہیں ہوں گی جبکہ ملک کو پہنچنے والے تمام نقصانات کا مکمل معاوضہ ادا کیا جائے۔









