فلوریڈا(رپورٹنگ آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایسا نہیں کریں گے کہ جنگ سے جلدی نکل آئیں اور مشکل دوبارہ سے کھڑی ہو جائے۔
فلوریڈا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے، ایران کو نہ روکتے تو اسرائیل اور یورپ کے پرزے پرزے کیے جا چکے ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس بحریہ، فضائیہ اور کوئی قیادت نہیں رہی، ایران کی قیادت باقی نہ رہنے پر افسوس ہے، ایران کی پہلے اور دوسرے درجے کی قیادت ماری جا چکی، یہ برے لوگ تھے، انہوں نے 42 ہزار مظاہرین کو ہلاک کیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں تیل سے بھرے 400 بحری جہاز کھڑے ہیں، یہ جہاز وہاں سے نکل آئے تو ایندھن کی قیمتیں بہت کم ہو جائیں گی، انہوں نے نئی ایرانی تجاویز پر بھی اظہار عدم اطمینان، کیا۔
قبل ازیں صحافیوں سے گفتگو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران سے فون کے ذریعے بات چیت جاری ہے، ایران ایسی چیزیں مانگ رہا ہے جن سے مجھے اتفاق نہیں، جنگ ختم ہوگئی تو تیل و گیس کی قیمتیں نیچے آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی موجود قیادت کنفیوز ہے، ان میں اتحاد نہیں، ایرانیوں کو بھی پتہ نہیں کہ ان کی قیادت کس کے پاس ہے، دو ہی راستے ہیں، ایران کو تباہ کر دیں یا معاہدہ کرلیں، ایران کی تباہی ترجیح نہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ آگاہ ہوں پاکستان نے ایران کے ساتھ زمینی راستے کھولے ہیں، پاکستان کے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی بہت عزت کرتا ہوں۔









