ریپبلکنز 48

امریکی سینیٹر چک شومر کا ریپبلکنز سے ایران سے جنگ روکنے کے حق میں ووٹ ڈالنے کا مطالبہ

واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن) امریکی سینیٹر چک شومر نے ریپبلکنز سے ایران کیخلاف جنگ روکنے کے حق میں ووٹ ڈالنے کا مطالبہ کر دیا۔

سینیٹر چک شومر نے ریپبلکن پارٹی کے ارکان پر زور دیا ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کے خلاف جنگ کو روکنے کے لئے پیش کی جانے والی قرارداد کی حمایت کریں، اس جنگ سے توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث معاشی دباؤ بڑھ رہا ہے۔

چک شومر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا امریکی شہری پٹرول کی قیمت 4.50 ڈالر فی گیلن سے زیادہ ادا کر رہے ہیں کیونکہ ٹرمپ اس جنگ کو ختم کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ریپبلکن واقعی اخراجات کم کرنے اور اپنے فوجیوں کے تحفظ میں دلچسپی رکھتے ہیں تو انہیں ڈیموکریٹس کی وار پاورز ریزولوشن کی حمایت کرنی چاہئے تاکہ ایران کے ساتھ اس جنگ کو ختم کیا جا سکے۔

رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹس پہلے بھی کئی بار اس قرارداد کو منظور کرانے کی کوشش کر چکے ہیں تاہم کانگریس میں اقلیت میں ہونے کے باعث زیادہ تر ووٹنگ پارٹی لائنز کے مطابق تقسیم ہو جاتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ وار پاورز ریزولوشن اس لیے متعارف کرائی جاتی ہے تاکہ صدر کو کانگریس کی منظوری کے بغیر 60 دن سے زیادہ جنگ لڑنے سے روکا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں