حماس

اسرائیلی لیڈر شپ دہشت گرد، کٹہرے میں لایا جائے،حماس

غزہ( رپورٹنگ آن لائن)اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے ایک بار پھر صہیونی ریاست کی لیڈرشپ کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے اسے عالمی فوج داری عدالت کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ الخلیل شہر میں بیت امر کے مقام پراسرائیلی فوجیوں نے ایک نہتے اور بے گناہ فلسطینی بچے کو گولیاں مار کر شہید کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بارہ سالہ فلسطینی بچے کو گولیاں مار کر شہید کرنا کھلم کھلا دہشت گردی اور جنگی جرم ہے۔

ترجمان نے کہاکہ فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم پراصرار اس بات کا برملا اظہار ہے کہ صہیونی ریاست خود کوقانون سے بالا تر سمجھتی اور خطے میں اپنی بدمعاشی کا ڈھونگ رچانے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بے گناہ فلسطینی بچوں کو بے دردی کے ساتھ شہید کرنے کے بعد ان ناگزیر ہوگیا ہے کہ صہیونی فوج ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔حماس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ غرب اردن میں بسنے والے فلسطینی روزانہ اسرائیلی دہشت گردی کا سامنا کررہے ہیں۔