اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیردفاع خواجہ آصف نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان کو شہداء کی قربانی کی توہین قرار دے دیا۔ایک بیان میں وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک کہنہ مشق سیاست دان اور ممتازمذہبی رہنما ہیں، ان سے الفاظ کے انتخاب میں زیادہ ذمہ داری کی توقع کی جاتی ہے، فوجی جوانوں کی وطن کیلئے قربانی کو انکی تنخواہ سے جوڑنا نہ صرف غیرمنصفانہ بلکہ شہداء اور انکے خاندانوں کی دل آزاری ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کوئی شخص محض تنخواہ کیلئے اپنی قیمتی جان کی قربانی نہیں دیتا، جان کی قربانی کے پیچھے کسی نظریے،عقیدے، فرض اور وطن سے گہری وابستگی ہوتی ہے، آپ حالات وواقعات یاطریقہ کارسے اختلاف کرسکتے ہیں، مگر اس نظریے،وابستگی، محبت اور قربانی کی توہین نہیں کرسکتے۔
وزیردفاع نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری ہے اور پاک فوج سمیت دیگر اداروں کے جوان اور شہری شہادتیں دے رہے ہیں، ان کی قربانی کو تنخواہ کا نتیجہ قرار دینا سیاسی تنقید نہیں بلکہ اخلاقی بے حسی ہے۔وزیردفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ مولانا صاحب نے صرف ایک ادارے کو نہیں، ہزاروں شہداء ، غازیوں، بیواؤں اور یتیموں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔









