اسحاق ڈار 7

اسحاق ڈار کی برطانوی حکام سے ملاقات، پاکستانی سفارتی کردار کو سراہا گیا

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانوی دفتر خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقیاتی امور کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی پارلیمانی انڈر سیکرٹری نے امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدے کو ممکن بنانے میں پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر گفتگو کی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ فریقین نے علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے پائیدار علاقائی امن و استحکام کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی شراکت داری کو وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں