احسن اقبال 9

اساتذہ طالب علموں کو اگلے دس سالوں کے چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے تیار کریں’ احسن اقبال

نارووال( رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ دنیا آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے دور میں داخل ہوچکی ہے ،اساتذہ طالب علموں کو اگلے دس سالوں کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے تیار کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل سلام ٹیچر ڈے کے موقع پر نارووال پبلک سکول و کالج کے مرکزی ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں مختلف سکولوں کے اساتذہ،ہیڈ ٹیچرز اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران سمیت میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔اس موقع پر شعبہ تعلیم میں گراں قدر خدمات سر انجام دینے والے 60اساتذہ کو ہیرو ٹیچر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ زندگی کے تمام تر شعبہ جات میں کامیاب انسانوں کے پیچھے بہترین اساتذہ کی محنت کارفرما ہوتی ہے۔آج کے دن کی مناسبت سے میں اپنے پرائمری سے لے کر یونیورسٹی تک کے اساتذہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔آج کے اساتذہ پر نسل نو کی تربیت کی سب سے بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔آج کے دور میں علمی میدان میں دن رات تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں آج آپ نے اپنے طالب علموں کو اگلے دس سالوں کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے تیار کرنا ہے۔

دنیا آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے دور میں داخل ہوچکی ہے،آج علم روشنی کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے آج کے دور میں رٹا کامیابی کی ضمانت نہیں ہے۔میں نے نارووال کی سیاست کو امن،تعلیم اور ترقی جیسے تین ستونوں پر کھڑا کیا ہے۔آج بہترین تعلیم کے مواقع نارووال کے طلبہ کو ان کی دہلیز پر میسر آرہے ہیں،آج ہزاروں کی تعداد میں غریبوں کے بچے اور بچیاں ان تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کرکے اپنا مستقبل روشن بنارہے ہیں۔وہ نارووال جو 15سال پہلے پسماندہ ضلع تصور کیا جاتا تھا آج ملک میں علم کی بستی کے نام سے جانا جارہا ہے۔

آج کا نارووال علم بانٹنے والے اضلاع میں شامل ہے۔میری خواہش ہے کہ میٹرک اور انٹر کے نتائج میں ضلع نارووال ڈویژن میں پہلے نمبر پر ہونا چاہیے ،پڑھانا ایک نوکری نہیں بلکہ ایک مشن ہے،جس کی بنیاد پر معاشرہ سازی ہوتی ہے۔قبل ازیں احسن اقبال نے نارووال پبلک سکول میں قائم کردہ ربورٹک لیب اور سپیس ایگزیبیشن 2026کا افتتاح کیا۔ربورٹک لیب میں بچوں کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے استعمال سے بنائے جانے والے ربورٹس کے ذریعے مختلف ٹاسک پرفارم کرکے دکھائے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں