کراچی (رپورٹنگ آن لائن)لیجنڈری ڈراما ساز، مزاح نگار اور مصنف انور مقصود نے اداکار احسن خان کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بہت اچھی اداکاری کرتے ہیں۔مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر انور مقصود کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں وہ اداکار احسن خان کی اداکاری کی تعریف کرتے نظر آرہے ہیں۔اس ویڈیو میں انور مقصود، اداکار حسن خان کی تعریف کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ‘احسن کا کلائمیکس یہ ہے کہ اگر وہ ڈراما دیکھ رہے ہیں اور ہر قسط دیکھ رہے ہیں تو جس لمحے احسن کی انٹری ہوتی ہے تو وہ کچھ اور نہیں لگا سکتے’۔
انور مقصود نے مزید کہا کہ جب احسن کا سین ختم ہوگا تو پھر وہ چینل تبدیل کریں گے یا کچھ اور دیکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ‘ان کی ہمت نہیں ہو رہی تھی کچھ اور دیکھنے کی کہ احسن اتنی اچھی اداکاری کرتے ہیں’۔دوسری جانب احسن خان نے انور مقصود کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایک پوسٹ میں ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔احسن خان نے کہا کہ ‘جب آپ کے اندر عاجزی ہو کہ آپ کتنا کم جانتے ہیں تو آپ مزید جاننا چاہیں گے’۔اداکار نے کہا کہ ‘دنیا میں معلومات بہت زیادہ ہیں اور ایسے بے شمار ہنر ہیں جن میں مہارت حاصل کی جاسکتی ہے’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘جو آپ پہلے سے جانتے ہیں اس پر فخر آپ کو مزید تلاش کے لیے تھوڑا حوصلہ دیتا ہے لیکن جب آپ دنیا کے بارے میں اپنی سمجھ بوجھ کا سیاق و سباق بناتے ہیں اور اس بات کو سراہتے ہیں کہ آپ نے کتنا دور جانا ہے، آپ مزید جاننے کی خواہش کرتے ہیں’۔احسن خان نے کہا کہ ‘میں انور مقصود اور علی عدنان جیسے اساتذہ ملنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتا ہے، اللہ انہیں ہمیشہ خوش رکھے اور انور چچا نے میرے بارے میں جو کہا ہے اس سے مجھے خوشی ملی’۔









