چودھری یاسین 8

آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی سے منفی پیغام گیا، حکومت چلنے والی نہیں، چودھری یاسین

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چودھری یاسین نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی سے منفی پیغام گیا، یہ حکومت چلنے والی نہیں۔

وفاقی دارالحکومت کے پریس کلب میں پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چودھری یاسین کا دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آزادکشمیر کے حالیہ انتخابات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ کشمیر میں دھاندلی نہیں بلکہ دھاندلا کیا گیا اور انتخابات کو متنازع بنا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے انتخابات سے قبل ہی اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا، اگر آزادکشمیر میں شفاف انتخابات کرائے جاتے تو دنیا اور کشمیری عوام کو اچھا پیغام جاتا، تاہم انتخابی عمل کے دوران ایسے اقدامات کیے گئے جن سے کشمیر سے انتہائی منفی پیغام گیا۔

صدر پیپلر پارٹی آزاد کشمیر نے الزام عائد کیا کہ پنجاب پولیس کو آزادکشمیر کے انتخابات میں بھیجا گیا اور اس نے جانبداری کا مظاہرہ کیا، ان کے مطابق ایل اے 5، ایل اے 9، ایل اے 11 اور ایل اے 12 سمیت مختلف حلقوں میں دھاندلی کے شواہد دیکھنے میں آئے۔

چودھری یاسین نے کہا کہ ایک ایسے امیدوار کو بھی کامیاب کرایا گیا جو، ان کے بقول، برطانیہ میں ریپ کیس کا ملزم تھا، انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونے کے لیے مختلف حربے استعمال کیے گئے اور پوری پوری رات ٹھپے لگائے گئے۔

اُن کا دعویٰ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وفاقی وزیر رانا ثنااللہ ایک سال قبل ہی کہہ چکے تھے کہ آزادکشمیر میں ن لیگ کی حکومت بنے گی، ان کے مطابق جب پوچھا گیا کہ یہ کیسے ہوگا تو رانا ثنااللہ نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ پنجاب کی مہاجرین کی 10 نشستیں ن لیگ کی جیب میں ہیں اور وہ 11ویں نشست سے آغاز کریں گے۔

صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے کہا کہ انتخابات سے متعلق ایک کمیٹی بھی قائم کی گئی تھی جس میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہنما شریک تھے، ن لیگ نے بعض امور پر اصولی اتفاق کیا، تاہم بعد میں وہ اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹ گئی۔

چودھری یاسین کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے اور یہاں ہونے والے انتخابات پوری دنیا کے لیے اہم پیغام رکھتے ہیں، انتخابات کے ذریعے کشمیر سے جو پیغام جانا چاہیے تھا، اس کے بجائے انتہائی منفی تاثر پیدا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت زیادہ دیر چلنے والی نہیں، کشمیر کے حالات پہلے ہی خراب ہیں جبکہ حکومتی وزراء کے بیانات جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں