ڈبلن (رپورٹنگ آن لائن) آئرلینڈ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سمندر سے حراست میں لیے گئے آئرش شہریوں کا تحفظ یقینی بنائے۔
آئرلینڈ کی وزیر خارجہ ہیلن مک اینٹی کے مطابق ان افراد کو اسرائیلی بحریہ نے سمندر میں اس وقت حراست میں لیا تھا جب وہ مقبوضہ غزہ میں فلسطینیوں کی صورتحال کی طرف توجہ دلا رہے تھے
انہوں نے کہا کہ انہیں ان مناظر پر صدمہ ہوا ہے جن میں اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر کو زیرِ حراست افراد کی تضحیک کرتے ہوئے دیکھا گیا، اسرائیل کو واضح طور پر کہا گیا ہے کہ آئرش شہریوں کی خیریت کو ہر صورت محفوظ رکھا جائے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی وزیر اتمار بن گویر نے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں وہ 430 زیر حراست افراد کے درمیان چلتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
ایک ویڈیو میں کچھ کارکنان کو ہاتھ پشت پر بندھے ہوئے حالت میں گھٹنوں کے بل بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جن کے سر زمین کی طرف جھکے ہوئے ہیں، یہ مناظر ایک جہاز کے ڈیک یا حراستی مرکز جیسے مقام پر ریکارڈ کیے گئے ہیں۔








