لاہور ہائی کورٹ 89

ہائیکورٹ نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی میں پراسیکیوٹرز کی بھرتیوں کیخلاف درخواست خارج کردی

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی میں پراسیکیوٹرز کی بھرتیوں کے خلاف درخواست خارج کردی ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے محمد زبیر عاشق ایڈوکیٹ کی درخواست پر حکم سنایا۔

درخواست گزار نے پیرا میں پراسیکیوٹرز کی بھرتیوں کے طریق کار کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ بھرتیاں شفافیت اور میرٹ کے اصولوں کے خلاف کی گئیں۔، پنجاب حکومت کے اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل محمد عثمان خان نے عدالت کو بتایا کہ پیرا کے پاس خود سے پراسیکیوٹرز کی بھرتی کرنے کا اختیار حاصل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کنٹریکٹ پوسٹیں ہیں جن کے لیے پنجاب پبلک سروس کمیشن کو شامل کرنا لازمی نہیں۔ لا ء افسر محمد عثمان خان کے مطابق پی پی ایس سی کو بھرتیوں کے میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے معاملہ بھیجا گیا تھا مگر درخواست گزار کی عدالت میں آمد 30 جولائی کو ہوئی جبکہ پی پی ایس سی نے 27 جولائی کو ہی تحریری امتحان مکمل کر لیا تھا۔

اسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل عثمان خان نے بتایا کہ پی پی ایس سی نے 2334 امیدواروں میں سے 610 امیدواروں کو تحریری امتحان میں کامیاب قرار دیا تھا۔ جبکہ پیرا نے خود اشتہار جاری کیا اور امیدواروں کو تحریری امتحان اور انٹرویوز کے لیے پی پی ایس سی کو بھیجا تھا۔درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ پیرا میں پراسیکیوٹرز کی بھرتیاں روک دی جائیں، تاہم عدالت نے درخواست کو ابتدائی مرحلے پر خارج کردی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں