سہیل آفریدی 29

گلگت بلتستان انتخابات،سہیل آفریدی نے سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کے چیف جسٹس کو خط ارسال کر دیا

پشاور(رپورٹنگ آن لائن) گلگت بلتستان انتخابات،وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کے چیف جسٹس کو خط ارسال کر دیا۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے گلگت بلتستان میں آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے لئے عدالتی مداخلت کا مطالبہ کیا ہے،جس کیلئے سپریم اپیلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کے چیف جسٹس کو خط ارسال کر دیا۔خط کے متن کیمطابق گلگت بلتستان میں انتخابی ماحول سے متعلق تشویشناک اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، ایک سیاسی جماعت کی انتخابی سرگرمیوں، جلسوں اور قیادت کی نقل و حرکت پر غیر ضروری پابندیوں کی اطلاعات ہیں، سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کی ہراسانی، گرفتاریوں اور قانونی سیاسی سرگرمیوں میں رکاوٹ پر شدید تشویش ہے۔

ایسی صورتحال انتخابی عمل کی شفافیت اور ساکھ کو متاثر کر سکتی ہے۔ آئین پاکستان ہر سیاسی جماعت اور شہری کو آزاد، منصفانہ اور غیر جانبدار انتخابات میں شرکت کا حق دیتا ہے، آئینی ضمانتوں اور جمہوری اصولوں سے انحراف نہ صرف آئین کی خلاف ورزی ہے بلکہ جمہوری اقدار کے بھی منافی ہے، وزیر اعلیٰ نے عدالت سے آزاد، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرنے کی استدعاکی ہے،

خط کے مطابق سیاسی کارکنوں اور جماعتی قیادت کے خلاف غیر قانونی ہراسانی اور گرفتاریوں کو روکا جائے، تمام سیاسی جماعتوں کو بلا رکاوٹ انتخابی مہم اور سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دی جائے، انتخابی عمل کے دوران آئینی اور جمہوری حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔قانون کی حکمرانی، جمہوری اصولوں کے تحفظ اور عوامی اعتماد کے لیے عدالتی رہنمائی ناگزیر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں