لاہور (رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین پاکستان علماء کونسل و کوآرڈینیٹر وزیراعظم قومی پیغام امن کمیٹی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مدارسِ عربیہ پاکستان، اسلام اور قوم کی خدمت کر رہے ہیں، مدارس میں طلباء کو دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی تعلیم بھی دی جا رہی ہے،طلبا کی تربیت ایک بڑا عمل ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مدارس ملک و قوم کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظام المدارس پاکستان کے تحت پوزیشن ہولڈر طلباء میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں ملکی اور بیرون ملک سے آئے علما و شیوخ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ملک میں اس وقت تینتیس سے پینتیس ہزار مدارس رجسٹرڈ ہیں،پاکستان میں مدارس کی تعلیم کے پندرہ بورڈ ہیں،ہم مدارس کے بھی ترجمان ہیں،ملک پاکستان کے نظریئے کے ہم محافظ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد دشمن ہم پر سوشل میڈیا کے ذریعے حملہ آور ہے،ربیع الاول کے موقع پر پیغام امن کی طرف سے خطبہ جمعہ کا عنوان تھا اسلامی ریاست میں اقلیتوں کے حقوق،دین کی سربلندی اور استحکام پاکستان کیلئے مدارس کے طلبا ہر وقت افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔پاک افواج ہماری محافظ ہیں۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پارلیمنٹ ملک کا ادارہ اور ملک کا قانون اسلامی ہے،مدارس کی رجسٹریشن اور بینک اکائونٹس کے حوالے آج بروز منگل کے اجلاس میں اہم فیصلہ کرنے جارہے ہیں،
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس حوالے سے ذاتی دلچسپی لی اور وزیراعظم نے احکامات جاری کئے ہیں،متحدہ مدارس کونسل کے پلیٹ فارم سے ہم مدارس کے مفادات کی چوکیداری کریں گے ،مدارس فتنہ الخوارج اور فتن الہندوستان کے خلاف بھرپور کوشش کررہے ہیں،جو لوگ فوج، قوم اور ریاست میں تقسیم کرنا چاہ رہے ہیں ان کو پیغام ہے کہ ہم ایک ہیں۔







