گورنر سندھ 15

کاروباری برادری ملکی ترقی اور معاشی استحکام میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، گورنر سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ اگر ہم ایک دوسرے کے تجربات، مہارت اور کامیاب کاروباری ماڈلز سے بھرپور استفادہ کریں تو ملکی معیشت کو مزید مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ بنایا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل بزنس فورم کے تحت منعقدہ پاکستان بزنس لیڈرز سمٹ 2026 سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور معاشی استحکام میں کاروباری برادری کا کردار نہایت اہم اور قابلِ قدر ہے۔ تاجر اور صنعتکار نہ صرف معیشت کا پہیہ رواں رکھتے ہیں بلکہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے، برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور قومی خوشحالی میں بھی نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایمانداری، دیانت داری، حق گوئی اور کاروباری معاملات میں شفافیت کے ساتھ کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مضبوط کاروباری اخلاقیات سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرتی ہیں اور پائیدار معاشی ترقی کی مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں تاجروں، صنعتکاروں اور مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں تاکہ سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملے، صنعتی شعبہ ترقی کرے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، اس لیے انہیں انٹرپرینیورشپ، اسٹارٹ اپس اور جدید کاروباری مہارتوں کے فروغ کے لیے موئثر معاونت، رہنمائی اور سازگار ماحول فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو خود روزگار کی جانب راغب کرکے نہ صرف بے روزگاری میں کمی لائی جا سکتی ہے بلکہ قومی معیشت کو بھی نئی توانائی دی جا سکتی ہے۔

گورنر سندھ نے انٹرنیشنل بزنس فورم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فورمز حکومت، نجی شعبے اور سرمایہ کاروں کے درمیان روابط کو مستحکم بنانے، نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے اور ملکی معیشت کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر ملک بھر سے ممتاز صنعتکاروں، تاجروں، کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین انٹرنیشنل بزنس فورم علی عرش خان نے کہا کہ فورم کا ایک اعلی سطحی وفد جلد امریکہ کا دورہ کرے گا، جہاں پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کو موئثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جائے گی اور پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی عالمی منڈیاں تلاش کی جائیں گی۔تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کاروباری شخصیات اور اداروں میں شیلڈز تقسیم کیں اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں