ڈیوٹی چوری کا الزام، ای ٹی او وہاڑی اور مظفر گڑھ کے خلاف انکوائری

شہبازاکمل جندران۔۔

ڈائیریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے ای ٹی او ایکسائز وہاڑی بشیر احمد اور ای ٹی او مظفر گڑھ مخدوم قاسم کے خلاف انکوائری شروع کردی ہے۔

انکوائری، ملتان کے رہائشی ڈاکٹر خالد یوسف رانا کی درخواست پر شروع کی گئی ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ ای ٹی او وہاڑی بشیر احمد اور ای ٹی او مظفر گڑھ نے تاندلیانوالہ شوگر ملز کے مینجر راو مشتاق کی ملی بھگت کرکے Prisline Chemicals کو L42-B ریکٹیفائیڈ سپرٹ کا لائسنس جاری کررکھا ہے۔

جبکہ راو مشتاق فیس ادا کئے بغیر 44ہزار لیٹر ریکٹیفائیڈ سپرٹ مذکورہ فیکڑی کو پہنچاتا ہے۔ جہاں اس سے کیمیکل تیار کرنے کی بجائے اسے لاہور ، کراچی، حیدرآباد، حب، ملتان، مظفر گڑھ، میانوالی اور فیصل آباد میں منشیات فروشوں کو بیچ دیا جاتا ہے۔اور ہر ماہ 49 سے 50 کنٹینر اسی طرح ڈیوٹی ادا کئے بغیر ہی تاندلیانوالہ شوگر ملز سے نکالے جاتے ہیں۔

جبکہ ڈیوٹی چوری کے اس عمل میں ای ٹی او مظفر گڑھ اور ای ٹی او وہاڑی شامل ہیں۔

ڈائیریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے درخواست پر کارروائی شروع کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دیدیا ہے