چیمپئنز ٹرافی

چیمپئنز ٹرافی کے معاملے آئی سی سی کا اجلاس ملتوی ، آئندہ 48 گھنٹے میں ہونے کا امکان

دبئی (رپورٹنگ آن لائن)چیمپئنز ٹرافی 2025کی میزبانی کے تعین سے متعلق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ہفتہ کے روز ہونے والا بورڈ اجلاس ملتوی ہو گیا۔ جمعہ کے روز چیمپئنز ٹرافی کے مقام کے تعین سے متعلق ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں فیصلہ نہ ہو سکا تھا جس کے بعد اجلاس ہفتہ کے روز تک کیلئے ملتوی کیا گیا تھا۔تاہم اب آ ئی سی سی ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ ہفتہ کو نہیں ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے موقف پر قائم ہے جبکہ بی سی سی آئی نے پاکستان کے سخت موقف کے بعد مزید وقت مانگا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ آئندہ 48 گھنٹے میں ہونے کا امکان ہے جبکہ آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے کی عہدے کی مدت میں بھی ایک ماہ کی توسیع کاامکان ہے۔

آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے کے عہدے کی میعاد 30 نومبر تک تھی اور یکم دسمبر سے بھارت سے تعلق رکھنے والے جے شاہ نے آئی سی سی چیئرمین کا عہدہ سنبھالنا تھا۔ خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں ہونے یا نہ ہونے سے متعلق آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں فیصلہ ہونا تھا۔ خیال رہے کہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث آئی سی سی اب تک چیمپئنز ٹرافی کے نئے شیڈول کا اعلان نہیں کرسکا جس سے براڈکاسٹرز بھی پریشان ہیں کیونکہ انہیں کروڑوں ڈالر نقصان کا خدشہ ہے۔