شیر افضل مروت 14

پی ٹی آئی 28ویں آئینی ترمیم پر متفق ہوتی ہے تو عمران خان کی رہائی کا امکان موجود ہے، شیر افضل مروت

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 28ویں آئینی ترمیم پر متفق ہونے کی صورت میں عمران خان کی رہائی کا امکان موجود ہے،میرا خیال ہے کہ شاید بانی پی ٹی آئی کی جلد ہسپتال منتقلی ہوجائے گی،میں ان حالات میں توقع کررہا ہوں کہ بغیر کسی ڈیل کے اچھے رویوں کا آغاز ہو رہا ہے۔

ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ جب ایک طرف سے اچھا رویہ سامنے آتا ہے تو دوسری طرف سے بھی اس کا جواب دیا جاتا ہے، میرے خیال میں یہ اچھے رویوں کا آغاز ہے جس کا لازمی طور پر منطقی نتیجہ یہ نکل سکتا ہے ، اگر پارٹی 28ویں آئینی ترمیم پر متفق ہوتی ہے تو عمران خان کی رہائی بھی ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کا مذاکرات کا اکائونٹ کبھی بند ہوا ہی نہیں، ضرورت کے تحت دونوں اسے استعمال کرتے رہے۔ سہیل آفریدی جہاں سے آئے تھے واپس اپنی اسی دنیا میں چلے جائیں گے، ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں تھا، اللہ نے انہیں جو موقع دیا، انہوں نے اسے ضائع کر دیا۔انہوںنے کہا کہ عمران خان نے وکلا ء سے ملاقات میں کہا ہے سہیل آفریدی نے جو تحریک چلائی، اس سے تحریک اور پارٹی کو کافی نقصان پہنچا ہے،عمران خان اس بات پر اضطراب کا شکار تھے کہ اس نے ایسا کیوں کیا اور وہ اسلام آباد کیوں نہیں آ رہے تھے۔

عمران خان نے ایک اشارہ دیا ہے پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا متبادل نام سامنے لایا جائے، کیونکہ گزشتہ 3 سالوں میں ان کی کارکردگی بھی پارٹی کے لیے کوئی خاص خدمت انجام نہیں دے سکی۔ انہوںنے کہا کہ میرا خیال ہے کہ پارٹی کو سسٹم میں واپس آنے کے لیے اپنی طرف سے بھی خیرسگالی کا اظہار کرنا ہوگا کیونکہ اب پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ ایک دوسرے کے دشمن تصور کیے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے شروعات اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے کئی مرتبہ ہوئی لیکن ہم نے اپنی طرف سے انہیں مثبت جواب نہیں دیا۔ ابھی وقت ہے کہ اپنی سیاسی حیثیت کا احساس کرتے ہوئے، عمران خان خان اور پارٹی کے اکابرین کی تکالیف کو مدنظر رکھتے ہوئے پارٹی کو اپنی طرف سے خیرسگالی کے اظہار کے طور پر کوئی قدم اٹھانا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں