عظمی بخاری

پی ٹی آئی والوں نے جو زہر اداروں کیخلاف جلسے میں اگلنا ہے وہ روزانہ بیانات ،پریس کانفرنس میں بھی اگل رہے ہیں’ عظمی بخاری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے پچھلے ایک مہینے سے جلسے جلسے کا راگ الاپ رہے ہیں لیکن ان کے پاس جلسے کے لیے فنڈز ہیں نہ بندے ہیں نہ سہولت کاری ہے، ہمیں معلوم ہے جلسے، جلوس اور دھرنے ان کا کاروبار ہیں، دھرنا پارٹی اب فتنہ پارٹی میں تبدیل ہو چکی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جو اداروں کے خلاف آپ لوگوں نے جلسے میں زہر اگلنا ہے وہ روزانہ بیانات اور پریس کانفرنس میں بھی اگل رہے ہیں، فتنہ پارٹی مریم نواز کے بغض اور تعصب کا شکار ہے،اب ان کو ہیڈ لائنز میں جگہ بنانے کے لیے بھی مریم نواز کا نام لینا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے قیدی کا ایجنڈا ملک بڑے حادثے سے دوچار کرنا ہے،عوام اپنی آنکھیں کھلی رکھیں اپنے اصل دشمن کو پہچانیں،یہ شخص جیل سے نکلنے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ فتنہ پارٹی پنجاب میں انتشار، نفرت اور جلا ئوگھیرائو کی ترغیب دے گی تو ریاستی مشینری حرکت میں آئے گی، توشہ خانہ اور ملکی خزانے کے چوروں کو اب کچے کے ڈاکوئوں کی بھی فکر ہو رہی ہے، مریم نواز توشہ خانہ کے چوروں کو بھی لگام ڈالیں گی اور کچے کے ڈاکوئوں کو بھی انجام تک پہنچائیں گی۔
٭٭٭٭٭