سردار ایاز صادق 58

سردار ایاز صادق کی پہلگام واقعے کے ایک سال مکمل ہونے پر بھارت کے جھوٹے اور بہیمانہ کردار کی مذمت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پہلگام واقعے کے ایک سال مکمل ہونے پر بھارت کے جھوٹے اور بہیمانہ کردار کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ بھارت کا ایک فالس فلیگ آپریشن تھا،اپنی ناکامیوں پر پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرانا بھارت کا وطیرہ رہا ہے۔

بدھ کو انہوں نے پہلگام واقعہ کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں کہا کہ ایسے فالس آپریشنز اس پست ذہنیت کی یاد دلاتے ہیں جو مکروہ مقاصد کے حصول کے لیے نہ صرف نہتے معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیلتے ہیں بلکہ علاقائی اور عالمی امن کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔اس جھوٹے اور من گھڑت واقعے کو بنیاد بنا کر بھارت نے چھ دہائیوں سے قائم سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کر کے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیر دیں۔ یہ گھناؤنا اقدام نہ صرف پاکستان پر آبی جارحیت مسلط کرنے کا مذموم قدم ہے بلکہ پورے خطے کی ترقی و خوشحالی کو اس سے سنگین خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کو غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی۔ پاکستان آج بھی پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے اپنے مؤقف پر قائم ہے۔بھاری سکیورٹی کی موجودگی میں پہلگام واقعہ ہونا بھارت کے لیے باعثِ شرمندگی ہے۔پاکستان امن کا خواہاں ہے، مگر کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ مئی 2025 میں پاکستانی افواج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں