کراچی (رپورٹنگ آن لائن ) گورنرسندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہر کی ترقی کے لئے بھرپور تعاون فراہم کررہے ہیں ۔ امن معاہدہ کے بعد سرمایہ کاری میں تیزی آئے گی ۔
ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گورنرہائوس میں میمن کمیونٹی کے 20رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ ملاقات میں شہر کی صورتحال ، معاشی،اقتصادی، صنعتی ، تجارتی سرگرمیوں اور میمن کمیونٹی کے کردار پر بات چیت ہوئی ۔ وفد کے اراکین نے فرداًفرداً گورنر سندھ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف نے مجھ پر جو اعتما د کیا اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا ۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی ساحلی پٹی کی بہتری کے لئے کام کررہا ہوں اس ضمن میں چین سے درخواست کی وہ ساحلی پٹی کی بہتری کے لئے تعاون کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگ سیاحت کے لئے کراچی آتے تھے ، آج دبئی جاتے ہیں ۔ تعریفی کلمات سن کر گورنرسندھ نے کہا کہ میری تعریف نہیں ، مجھ پر تنقید کریں۔ وفد نے کہا کہ گورنرسندھ کا وژن شہر کی بہتری بالخصوص تاجر طبقہ کے لئے خوش آئند ہے ۔ میمن کمیونٹی کو گورنرسندھ سے بہت سی توقعات ہیں ۔ وفد میں مسعود پاریکھ ، یحیٰ پولانی ، چوہدری نثار ، اختر یونس ، سلیم پاریکھ، جاوید تھارا ، اے کے میمن سمیت دیگر شامل تھے ۔ مسعود پاریکھ نے گورنرسندھ کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا ۔









