ملک محمد احمد خاں 23

وزیراعظم شہباز شریف ،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کاوشیں قابل تحسین ہیں’ ملک احمد خان

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ امریکی جنگ بندی اقدام خطے میں امن کی جانب بہت اہم پیشرفت ہے،وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کاوشیں قابل تحسین ہیں، دعا ہے کہ جنگ کے بجائے مذاکرات اور سفارتکاری کو فروغ ملے، پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ دونوں فریقین کے درمیان اعتماد سازی کیلئے پاکستان کی پوزیشن نہایت اہم ہے، ابھی ایران کا امریکہ پر عدم اعتماد برقرار ہے، تنازعہ دیرینہ اور پیچیدہ ہے، سخت موقف رکھنے والے ممالک کو قریب لانا بڑی سفارتی مہارت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا کردار تاریخ میں نمایاں حیثیت اختیار کرے گا، پیچیدہ مراحل کے باوجود جنگ بندی میں توسیع کا حصول بڑی کامیابی ہے جبکہ ملک کے اندر بھی سیاسی قوتوں کو مکالمہ اور مفاہمت کی طرف آنے کے لئے فریقین کا آمادہ ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جب حکومت میں تھے تب کہا کرتے تھے ان چوروں سے بات کروں گا تو میری سیاست ختم ہو جائے گی، میثاق معیشت پر اتفاق وقت کی اہم ضرورت ہے، قومی مسائل کے حل کیلئے سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی مکالمے کی حمایت کی جاتی رہی ہے، عالمی نظام تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، مستقبل کے بارے میں پیشگوئی مشکل ہے، امریکہ طویل عرصے سے عالمی سطح پر غالب طاقت رہا ہے جبکہ ایران تنازع میں عالمی طاقتوں کی حدود واضح ہونا شروع ہو گئی ہیں تاہم بدلتی عالمی صورتحال میں کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں