حافظ نعیم الرحمن 20

پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا لانگ مارچ اکٹھا ہوسکتا ہے، حافظ نعیم الرحمن

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا لانگ مارچ اکٹھا بھی ہوسکتا ہے۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے رابطہ ہے، وہ جماعت اسلامی کی حمایت کرتے ہیں اور جماعت اسلامی بھی ان کی حمایت کرتی ہے، دونوں جماعتوں کے کارکن بھی ایک دوسرے کے مؤقف کو سمجھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا ایجنڈا الگ الگ ہے، پی ٹی آئی کا مطالبہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور ان تک رسائی سے متعلق ہے، جبکہ جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کسان اتحاد سے بھی رابطہ ہوا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ مشترکہ طور پر کوئی لائحہ عمل اختیار کیا جائے، جس پر غور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے 32 روز سے جاری ہیں، اگر حکومت نے اسلام آباد میں پرامن احتجاج سے روکنے کی کوشش کی تو کارکن ایک جگہ سے نہیں ہٹیں گے۔

حکومت کی جانب سے راستے بند کرنے یا سگنل بند کرنے کی صورت میں قافلے اپنے طور پر آتے ہیں اور اپنے فیصلے خود کرتے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے آئندہ جماعت اسلامی کے اجلاس میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی کا ذاتی ایجنڈا نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے لیے پرامن جدوجہد کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی کنٹینرز لگا کر راستے بند کردیئے ہیں، حکومت کو کنٹینرز نہیں لگانے چاہئیں، راستے بند کیے گئے تو انہیں ہٹایا جائے گا، تاہم احتجاج پرامن رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں