شازیہ ماریہ 8

پیٹرول مہنگا، مہنگائی کے ستائے عوام پر نیا بوجھ ہے، شازیہ مری

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو ایک اور مہنگائی کا جھٹکا دے دیا ہے۔

اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی کے ستائے عوام پر پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا نیا بوجھ ڈال دیا گیا، حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پیٹرول مزید مہنگا کردیا۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے روزمرہ زندگی مزید مشکل ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔

شازیہ مری نے سوال کیا کہ مہنگائی کے اس بوجھ سے عوام کو کب نجات ملے گی اور عوام کو ریلیف دینے کے دعوے کہاں گئے؟ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے پیدا ہونے والی مزید مہنگائی غریب اور مستحق طبقہ کیسے برداشت کرے گا؟انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کمزور اور مستحق طبقات کو فوری اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جائے، عوام کو مزید مہنگائی کے بوجھ تلے نہیں دبایا جاسکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں