مریدکے(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر صنعت رانا تنویر حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے بہت سے اراکین ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں آئینی ترامیم تو آنے دیں نمبرز سب کے سامنے آجائیں گے ،جب بھی پاکستان ترقی خوشحالی کی طرف چلتا ہے سازشیں شروع ہوجاتی ہیں ،یہودی لابی کیوں بانی پی ٹی آئی کے لئے تڑپ رہی ہے ،کسی ملک اور قوم دشمن کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مذہبی سماجی صنعتکار شخصیت پیر سید زاہد شاہ گیلانی کے ہمراہ گفتگو کرتے انکا کہنا تھا کہبانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کے وقت کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے 35اراکین ہمارے ساتھ ہیں جو وقت نے سچ ثابت کیا ، ہمیں بانی پی ٹی آئی کے موقف اور گالم گلوچ ،جلائو گھیرائو ،جلسے جلوس نفرت کی سیاست سے اختلاف ہے اور اختلاف رکھنے والے بہت سے پی ٹی آئی اراکین بھی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں آئینی ترمیم تو آلینے دیں نمبرز شو کردیں گے ۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ 2014سے کہہ رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیسز کا فیصلہ ہونا چاہئے لیکن نہیں ہورہے کیونکہ کئی ادارے اب بھی بانی پی ٹی آئی کو سہولت کاری فراہم کررہے ہیں ۔یہودی لابی کیوں بانی پی ٹی آئی کے لئے تڑپ رہی ہے ،اب تو پی ٹی آئی قیادت اور انکی حرکتوں سے ثابت ہوچکا ہے کہ اسرائیل اور بھارت بانی پی ٹی آئی کی سازشوں کے پیچھے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان ترقی خوشحالی کی طرف چلتا ہے سازشیں شروع ہوجاتی ہیں ،چین کے صدر کی آمد پر بھی اسلام آباد پر چڑھائی کی گئی ،اب شنگھائی کانفرنس پر ایسا کیا جارہا ہے قوم اس سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،قوم اداروں حکومت کیساتھ کھڑی تھی کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شنگھائی کانفرنس پاکستان کی معیشت کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگی ،دوست ممالک ہمارے ساتھ ہیں ،سرمایہ کاری لارہے ہیں جس سی پیک کو بانی پی ٹی آئی نے بند کیا سی پیک فیز ٹو شروع ہوچکا ،چین بڑی سرمایہ کاری کرنے جارہا ہے ،دوست ممالک چین ،روس ،ملائشیا ،آذر بائیجان ،ایران ،یواے ای ،سعودی عرب پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ شنگھائی کانفرنس میں بھارتی وزیر اعظم کو آنا چاہئے تھا جو نہیں آرہے لیکن بھارتی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد خوش آئند بات ہے مگر اس کا کہنا ہے وہ پاکستان میں کسی حکومتی اہلکار سے ون ٹو ون ملاقات نہیں کریں گے میں نہیں سمجھتا بھارتی وزیرخارجہ پاکستان آمد پر کشمیر سمیت کسی متنازعہ ایشو پر بات کرنے کو تیار ہوں گے ۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ علی امین گنڈا پور آئینی عہدے پر فائز ہیں کچھ تو سوچیں کیا کررہے ہیں ،کالعدم ٹی ٹی پی جس کا دل بانی پی ٹی کیساتھ دھڑکتا ہے کو ساتھ لیکراس وقت اسلام آباد پر چڑھائی کررہے ہیں جب غیر ملکی مہمانوں کی شنگھائی کانفرنس پر آمد ہے ۔انہوں نے کہا کہ قوم دیکھ اور جان چکی ہے کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف ہی پاکستان کی ترقی خوشحالی کا دوسرا نام ہے ،پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اب دوبارہ اقتصادی معاشی طور پر ایشا کا ٹائیگر بنانے چلے ہیں ، دنیا سرمایہ کاری لیکر پاکستان کی طرف چل پڑی ،اسٹاک ایکسچینج تاریخی حدیں عبور کرچکی ،اب یہ قوم کوئی سازش اور سازشی برداشت نہیں کرے گی ،بانی پی ٹی آئی سمیت کسی ملک اور قوم دشمن کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔