ڈومیسٹک کھلاڑیوں

پی سی بی نے تمام ڈومیسٹک کھلاڑیوں اور کوچز کے کنٹریکٹ میں توسیع کردی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام ڈومیسٹک کرکٹرز اور کوچز کے کنٹریکٹ میں ایک ماہ کی توسیع کردی ہے۔ 30 جون کو ختم ہونے والے کنٹریکٹ میں 31 جولائی تک توسیع کی گئی ہے۔

تمام کھلاڑیوں اور کوچز کا 12 ماہ پر مشتمل آئندہ سالانہ کنٹریکٹ یکم اگست سے شروع ہوگا۔کنٹریکٹس میں توسیع کا فیصلہ شعبہ ہائی پرفارمنس کی جانب سے کیا گیا ہے۔ شعبہ ہائی پرفارمنس ان دنوں تمام ڈومیسٹک کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہے۔ یہ عمل آئندہ ماہ کے آغاز میں مکمل ہوجائے گا جس کے بعد 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے حتمی اسکواڈز کا اعلان جولائی کے آخر میں کردیا جائے گا۔سیزن 2019-20 میں پی سی بی نے 192 ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ کی پیشکش کی تھی جس میں سے 186 کھلاڑیوں نے کنٹریکٹ قبول کرلیے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کیڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ ایک جامع اور وسیع ترین عمل کے تحت تمام کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی جانچنے کا یہ عمل تین مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں خود اپنا محاسبہ، انٹرویوز، کھلاڑیوں اور ساتھی کوچز کی آراء شامل ہیں۔ندیم خان نے کہا کہ پیشہ ور افراد کی کارکردگی جانچنے کا یہ ایک جدید طریقہ کار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین دستیاب کوچز لگانے کے خواہشمند ہیں تاکہ وہ ہمارے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نکھار لانے کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار میں بھی بہتری لانے کا سبب بنیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی تمام کوچز کی کارکردگی جانچنے کا یہ طریقہ کار مکمل ہوجائے گا ویسے ہیں چھ کوچز، کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کی تشکیل کے عمل کا آغاز کردیں گے۔ ندیم خان نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ یہ تمام عمل جولائی کے آخر میں مکمل ہوجائے گا اور ڈومیسٹک کرکٹ کا آئندہ سالانہ کنٹریکٹ یکم اگست سے نافذ العمل ہوگا۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث بدلتی صورتحال اور اپنے کھلاڑیوں اور عہدیداران کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر یہ کہنا ابھی قبل ازوقت ہوگا کہ ڈومیسٹک سیزن 2020-21 کا آغاز کب ہوگا تاہم اب محدود وقت پر مشتمل نوٹس پر بھی آئندہ سیزن کے آغاز کے لیے تیار رہیں گے۔