عطا اللہ تارڑ 40

پی آر اے کے پلیٹ فارم سے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے تجاویز کا خیرمقدم کریں گے، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے قومی کمیشن قائم ہوچکا ہے اور پی آر اے کے پلیٹ فارم سے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔ وہ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی آر اے کے ساتھ ہمیشہ گہرا رشتہ رہا ہے اور پریس گیلری ایوان کا ایک لازمی حصہ سمجھی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آر اے ہمیشہ قومی، سماجی اور صحافتی مسائل پر توانا اور فعال آواز کے طور پر سامنے آئی ہے۔ صحافی جب واک آؤٹ کرتے ہیں تو انہیں وہی عزت اور پروٹوکول ملتا ہے جو کسی ایوان کے رکن کو حاصل ہوتا ہے، یہ ایک منفرد اعزاز ہے۔ انہوں نے پی آر اے کو پارلیمانی عمل اور پارلیمانی جمہوری نظام کا مضبوط حصہ قرار دیا اور کہا کہ ان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ صحافیوں کے ساتھ رابطہ برقرار رہے۔ وزیر اطلاعات نے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے روزگار کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو اپنا حلقہ اور ان کا کسٹوڈین سمجھتا ہوں۔ انہوں نے پی آر اے کے کردار کو مزید فعال بنانے اور ورکنگ ماحول بہتر بنانے کے لئے تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پی آر اے صحافیوں کو ملازمتوں سے نکالنے کے مسئلے پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو اپنی تجاویز ارسال کرے تاکہ مسائل کا مشترکہ حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے جاب سکیورٹی کو بنیادی حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ صحافیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن قائم ہو چکا ہے جو خوش آئند ہے، کمیشن میں تمام صحافتی تنظیموں کی نمائندگی موجود ہے جس میں نیشنل پریس کلب، پی آر اے، پی ایف یو جے، خیبر یونین آف جرنلسٹس سمیت پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی نمائندگی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کا پہلا اجلاس ہو چکا ہے اور اب پی آر اے ورکنگ ماحول اور دیگر مسائل کے حوالے سے اپنی تجاویز دے جس کا خیرمقدم کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں