لاہور(رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے طریقہ کار کے خلاف دائر درخواستیں 25مئی کو سماعت کے لیے مقرر کردیں ،عدالت نے وفاقی حکومت اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے کا مکمل میکنزم اور متعلقہ ریکارڈ طلب کر رکھا ہے۔
جسٹس خالد اسحاق درخواستوں پر سماعت کریں گے، لاہور ہائیکورٹ میں سال 2022ء سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف مختلف درخواستیں زیر سماعت ہیں، جن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار شفاف نہیں اور عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔درخواستوں میں وفاقی حکومت، اوگرا سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے موجودہ نظام کا جائزہ لیا جائے اور عوامی مفاد کے مطابق شفاف میکنزم وضع کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔عدالتی کارروائی کے دوران وفاقی حکومت اور اوگرا کی جانب سے اپنے تحریری جوابات عدالت میں جمع کرا دیئے گئے ہیں جبکہ آئندہ سماعت پر مزید قانونی نکات اور قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر بحث کیے جانے کا امکان ہے۔









