مریم نواز شریف 5

پنجاب حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے،مریم نواز

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی 65 فیصد نوجوان آبادی ملک کا قیمتی اثاثہ ہے، نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر سے آراستہ کرکے دنیا میں ان کا مثبت کردار یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ پنجاب حکومت نوجوانوں کو درپیش تمام مسائل کے حل اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔

یوتھ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ یوتھ ڈے کا مقصد ملکی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ ملک کے بہتر مستقبل اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے نوجوانوں کی سرپرستی ضروری ہے۔انہوں نے نوجوانوں کو ملک سے محبت اور گالی گلوچ کی سیاست سے ہمیشہ دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اپنی جسمانی اور ذہنی صحت کا خیال رکھیں اور نشے جیسی لعنت سے دور رہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت پہلی بار نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے سہارا بن رہی ہے۔

ایگریکلچر انٹرن شپ، لیپ ٹاپ، ای ٹیکسیز، آسان فنانس سکیم اور آسان کاروبار سکیم میں نوجوانوں کو شامل کیا گیا ہے۔ پرواز کارڈ کے ذریعے ہنرمند اور غیر ہنرمند نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے لیے بلاسود قرضے فراہم کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرواز کارڈ کے ذریعے پہلی مرتبہ 10 ہزار ہنرمند نوجوانوں کو خلیجی ممالک میں روزگار فراہم کیا گیا ہے۔نوجوانوں کو خود روزگار کے لیے 3 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جارہے ہیں جبکہ ان کے بزنس آئیڈیاز کو عملی جامہ پہنانے اور سٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کے لیے انکیوبیشن سنٹرز قائم کیے جارہے ہیں۔وزیراعلی نے کہا کہ سکولوں اور کالجوں کی سطح پر ہزاروں طلبہ کے لیے ہونہار سکالرشپ پروگرام کامیابی کی نوید ہے۔

پہلی مرتبہ نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے تعلیمی نصاب میں آئی ٹی، ای روزگار اور فری لانسنگ کے علوم شامل کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل اسکلز سکھانے کے لیے تربیتی پروگرام شروع کیے گئے ہیں جبکہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی کے لیے فنی تربیتی اداروں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔مریم نواز شریف نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نوکری تلاش کرنے کے بجائے نوکری پیدا کرنے والے اور اختراعی سوچ کے حامل بنیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان خواب دیکھیں اور انہیں حقیقت میں بدلنے کے لیے آگے بڑھیں، پنجاب حکومت ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں