ہائیکورٹ 5

ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے ججز کو گاڑیوں کیلئے این او سی جاری کرنے کے احکامات جاری

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے ججز کو گاڑیوں کے لیے این او سی جاری کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔نئے طریقہ کار کے تحت تمام اضلاع کے سیشن ججز متعلقہ ججز کو گاڑیوں کے لیے این او سی جاری کریں گے جبکہ ججز اپنے متعلقہ ضلع کے سیشن جج سے این او سی حاصل کریں گے۔

ذرائع کے مطابق این او سی سرٹیفکیٹس کی تیاری کے لیے متعلقہ عملے کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ عمل کو جلد مکمل کیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق اس اقدام سے عدلیہ نے ججز کو گاڑیاں فراہم کر کے پنجاب حکومت پر پڑنے والے 7ارب روپے سے زائد کے اضافی مالی بوجھ سے بچا لیا ہے، کیونکہ پنجاب حکومت کو ججز کیلئے 7ارب سے زائد کی گاڑیاں کی خریداری کرنی تھی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ عدلیہ نے گاڑیوں کے عوض وصول ہونے والی 1ارب 7کروڑ روپے کی رقم پنجاب حکومت کو منتقل کر دی ہے۔نئے فیصلے کے تحت ماتحت عدالتوں میں کسی بھی جج کو آئندہ ہائیکورٹ کی جانب سے گاڑی فراہم نہیں کی جائے گی،تمام ججز اپنی گاڑیوں کی مرمت کے اخراجات خود برداشت کریں گے اور انہیں اضافی پٹرول بھی نہیں دیا جائے گا جبکہ صرف تنخواہ کے ساتھ مقررہ پٹرول کی سہولت ہی دستیاب ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں