آصف علی زرداری 27

پرامن مستقبل کی تشکیل کیلئے سچائی کا فروغ ناگزیر ہے، سچائی کے حصول میں صحافیوں کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے،صدرمملکت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نےکہا ہے کہ پرامن مستقبل کی تشکیل کے لیے سچائی کا فروغ ناگزیر ہے اور سچائی کے حصول میں صحافیوں کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان اور دنیا بھر کے صحافیوں، مدیران اور ذرائع ابلاغ کے کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سال کا موضوع “پرامن مستقبل کی تشکیل” اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ امن کا قیام درست اور مستند معلومات کے بغیر ممکن نہیں، آج آزادی صحافت کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں جن میں غلط معلومات، من گھڑت اطلاعات اور جدید ٹیکنالوجی کے غلط استعمال شامل ہیں۔

مصنوعی ذہانت اور جعلی ویڈیوز و تصاویر (ڈیپ فیک) جیسے رجحانات جہاں مواقع فراہم کرتے ہیں، وہیں ان کے منفی اثرات بھی سامنے آ رہے ہیں۔صدر مملکت نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ بعض عالمی ذرائع ابلاغ کے ادارے اور سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم نفرت، تعصب اور گمراہ کن بیانیے کو فروغ دینے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں جبکہ بڑے تکنیکی ادارے بعض اوقات قومی ریاستوں کے معاملات میں مداخلت بھی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آزادی صحافت ایک آئینی حق ہے جس کی ضمانت آئین پاکستان کے تحت دی گئی ہے جبکہ آرٹیکل A.19 عوام کے معلومات تک رسائی کے حق کو یقینی بناتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد اور ذمہ دار میڈیا ایک مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہے۔انہوں نے زور دیا کہ صحافت کے ساتھ ذمہ داری بھی جڑی ہوئی ہے اور درستگی کو رفتار پر ترجیح دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد ذرائع ابلاغ کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے جسے برقرار رکھنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نشانہ بنانے والی جھوٹی مہمات کا مقابلہ کرنے کے لیے ذمہ دار صحافت انتہائی اہم ہے۔ صدر مملکت نے مئی 2025 کے دوران قومی اتحاد اور ذرائع ابلاغ کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ذرائع ابلاغ نے حقائق کے ذریعے غلط بیانیے کا مؤثر جواب دیا ۔ انہوں نے ان صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے سچائی کی تلاش میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے تحفظ اور سازگار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے اداروں سے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھنے اور عوام سے مستند صحافت کی حمایت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایک ذمہ دار اور سچائی پر مبنی معلوماتی نظام ہی ملک میں جمہوریت، استحکام اور امن کو فروغ دے سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں