فواد چوہدری 21

پاکستان نے عالمی سطح پر منفرد مقام حاصل کر لیا، اسے برقرار رکھنا ہوگا،فواد چوہدری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے چند سال میں عالمی سطح پر یونیک پوزیشن حاصل کر لی ہے، آج جو مقام ہمارے لیڈرز کو دنیا بھر میں مل رہا ہے اس کی مثال کم ملتی ہے،ہمیں ملک کے اندرونی حالات ٹھیک کرنے چاہئیں، سیاسی ماحول کو بہتر بنایا جائے،حکومت کو مولانا فضل الرحمن سے متعلق اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے۔

لاہور میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر چین جائیں، امریکہ جائیں ہر جگہ استقبال ہوتا ہے، سعودی عرب اور ایران دونوں ہماری بات سنتے ہیں۔امریکہ ہماری بات کو اہمیت دیتا ہے، ہمیں یہ پوزیشن برقرار رکھنی چاہیے، ہمیں ملک کے اندرونی حالات ٹھیک کرنے چاہئیں، سیاسی ماحول کو بہتر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے 4سال میں ملک میں تلخی بہت بڑھ گئی ہے، پیٹرول 400روپے ہو گیا، مہنگائی سے عوام کی تکلیف میں اضافہ ہوا، حالات ایسے ہی رہے تو حکمران طبقے کو جو سہولتیں حاصل ہیں وہ بھی ختم ہو جائیں گی، ملک اب تک اپنے خاص طبقے کو پالتا رہا ہے، اگر ہم نے اپنی چیزوں پر نظرثانی نہ کی تو ان کو پالنا بھی مشکل ہو جائے گا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف، تحریک تحفظ آئین کی قیادت اور سلمان اکرم راجہ سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، پی ٹی آئی کی جو قیادت کوٹ لکھپت جیل میں قید ہے ان سے مذاکرات کیے جائیں۔ان کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر زیر حراست رہنمائوں سے بات کی جائے، حماد اظہر سمیت دیگر رہنمائوں کے ساتھ نرمی کا رویہ اختیار کریں، زیر حراست پی ٹی آئی قیادت کو ریلیف دیا جائے تو مذاکرات کامیاب ہو سکتے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن صرف سیاسی نہیں مذہبی رہنما بھی ہیں،

حکومت کو ان سے متعلق اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے، مولانا فضل الرحمن اپنے تلخ بیانات واپس لیں اور حکومت بھی مثبت سمت میں قدم بڑھائے۔انہوں نے کہا کہ جب سے محسن نقوی نے نئے صوبوں کی بات کی، (ن)لیگ نے ان کے خلاف مہم شروع کر دی، (ن)لیگ اور پیپلز پارٹی نئے صوبوں کے خلاف ہیں، تحریکِ انصاف نئے صوبوں کی حامی ہے، حکومت ان سے بات کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں