بابر اعظم

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ رواں سال شیڈول کے مطابق ہونا چاہیے، بابر اعظم

ووسٹر (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ رواں سال شیڈول کے مطابق ہونا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں شیڈول ہے تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے میگا ایونٹ کو ملتوی کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایونٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے بس باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈز کے سربراہان بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بارے میں کہہ چکے ہیں کہ رواں برس شاید کوئی بھی آئی سی سی کا ایونٹ ممکن نہ ہوسکے۔ پاکستان کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک انٹرویومیں کہاکہ میرے خیال میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسی برس شیڈول کے مطابق ہونا چاہیے،

بحیثیت کھلاڑی اور کپتان یہ میرا پہلا ورلڈ کپ ہے تو میں چاہوں گا کہ یہ ٹورنامنٹ ہو تاہم اس کے حوالے سے فیصلہ آئی سی سی نے کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دیکھتے ہیں کہ آئی سی سی کیا فیصلہ کرتی ہے جو بھی فیصلہ ہو گا ہمیں اس کے مطابق چلنا ہے۔