واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن)امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ نے حالیہ ملاقات میں اس اصول پر اتفاق کر لیا ہے کہ بڑی فوجی کارروائیوں اور جنگ سے متعلق حتمی فیصلے مصنوعی ذہانت کے بجائے انسانوں کے ہاتھ میں رکھے جائیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ دونوں جوہری طاقتوں کی یہ مفاہمت عسکری ٹیکنالوجی کے غیر ذمہ دارانہ استعمال کو روکنے کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اتفاقِ رائے کے باوجود واشنگٹن جدید الیکٹرانک چپس پر برآمدی پابندیاں برقرار رکھے گا تاکہ حساس ٹیکنالوجی کا غلط استعمال روکا جا سکے۔ سفارتی مبصرین کا کہنا تھا کہ دنیا کی دو بڑی طاقتوں کی اس مفاہمت سے خودکار ہتھیاروں کے خطرات کم کرنے میں مدد ملے گی۔









