محسن نقوی 13

وزیر داخلہ کی زیارت میں دہشتگرد حملے کی مذمت ،15 ہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر پولیس فورس کو خراج تحسین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیارت کے علاقے میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے 9 پولیس اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ۔اپنے بیان میں انہوں نے کارروائی کے دوران 15 بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر پولیس فورس کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست الفاظ میں سراہا۔

ایک بیان میں وزیر داخلہ نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ امن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ دشمن عناصر یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ ایسے بزدلانہ حملے ملک میں امن و امان کو سبوتاڑ نہیں کر سکتے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر پوری پولیس ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔محسن نقوی نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم اور سکیورٹی فورسز بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کی جانب سے امن کو سبوتاڑ کرنے کی ہر سازش اور ناپاک کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں