مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن پر قائم کردہ ورچوئل پولیس اسٹیشن سے خواتین کے تحفظ کے لیے بہترین نتائج سامنے آنے لگے

بہاولنگر(رپورٹنگ آن لائن))وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن پر قائم کردہ ورچوئل پولیس اسٹیشن سے خواتین کے تحفظ کے لیے بہترین نتائج سامنے آنے لگے ،خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم پر ضلع بھر میں کل 1360 کیس وصول ہوئے جن میں سے 1208 کیس رجسٹرڈ کر لیے گئے جبکہ 120 کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی اور اسی طرح 22کیسوں کے چلان پیش کردیے گئیجبکہ 32 کیس زیر تفتیش ہیں یہ بات پولیس ترجمان سب انسپکٹر زاہد رسول نے اْردوپوائنٹ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتائی انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی ویڑن اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ڈی پی او نصیب اللہ خان نے ضلع بھر میں خواتین کے تحفظ کے لیے ورچوئل پولیس اسٹیشن قائم کر دیے ہیں جنکے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویڑن پر خواتین کے تحفظ اور انکے حقوق کے لیے پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں ورچوئل وومن پولیس اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں اسی ویڑن پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ڈی پی او بہاولنگر نصیب اللہ خان کی جانب سے دفتر پولیس میں بھی ورچوئل وومن پولیس اسٹیشن کا قیام کیا گیا ہے، ورچوئل وومن پولیس اسٹیشن کا مقصد خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انکے خلاف ہونے والے تمام قسم کے جرائم گھریلو تشدد، ہراسانی زبردستی کی شادی وغیرہ کی روک تھام اور ان جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنانا ہے.

ڈی پی او آفس میں قائم کردہ ورچوئل وومن پولیس اسٹیشن ضلع بھر میں خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم کی روک تھام جرائم میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری اور خواتین کے تحفظ کے لیے سر گرم عمل ہے، ورچوئل وومن پولیس اسٹیشن بہاولنگر میں لیڈی پولیس آفیسر اور لیڈیز سٹاف کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ظلم کا شکار خواتین اپنا مسئلہ بخوبی بیان کر سکیں اور خواتین پولیس اہلکار ان کے مسائل کو خواتین ہونے کے ناطے بہتر طریقے سے حل کر سکیں.

ترجمان کے مطابق ورچوئل پولیس اسٹیشن نے اپنے قیام سے اب تک خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم پر کل 1360 کیس وصول ہوئے جن میں سے 1208 کیس رجسٹرڈ کر لیے گئے جبکہ 120 کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی اور اسی طرح 22کیسوں کے چلان پیش کردیے گئیجبکہ 32 کیس زیر تفتیش ہیں.

ڈی پی او نصیب اللہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویڑن پر خواتین کو تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے میں مصروف عمل ہے ورچوئل وومن پولیس اسٹیشنز کے قیام سے خواتین میں تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے کسی بھی خاتون کو اگر ایسی کسی بھی صورت حال کا سامنا ہے تو اسے اب تھانوں یا پولیس دفاتر میں جانے کی بھی ضرورت نہیں وہ خاتون اپنے ساتھ ہونے والے کسی بھی ظلم کی اطلاع بذریعہ کال ورچوئل وومن پولیس اسٹیشن کو دے تاکہ اسکے خلاف ہونے والے جرم میں ملوث ملزم کے خلاف فوری طور پر کاروائی کی جائے اور ملزم کو گرفتار کیا جائے ضلع پولیس خواتین کے حقوق کی ضامن ہے۔