عظمی بخاری 53

پنجاب کے 69 فیصد عوام کا مریم نواز کی حکومت پر بھرپور اعتماد کا اظہار، اطمینان کی مہر لگا دی’ عظمی بخاری

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام نے مریم نواز کی قیادت میں صوبائی حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کی مہر لگا دی ہے۔

حالیہ سروے کے مطابق پنجاب کے 69 فیصد عوام نے مریم نواز کی حکومت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیر اعلی پنجاب عوام کی توقعات پر پورا اتر رہی ہیں۔اپنے ایک بیان میں عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ صرف دو سال کے مختصر عرصے میں مریم نواز نے اپنی انتھک محنت اور عوامی خدمت کے جذبے سے پنجاب کے عوام کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں عوام حکومت کو ڈھونڈتے پھرتے تھے، لیکن آج مریم نواز کی قیادت میں حکومت خود عوام کی دہلیز پر پہنچ رہی ہے۔

عظمی بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز نے ترقی کا سفر صرف لاہور تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے پورے پنجاب میں منتقل کر دیا ہے۔ آج پنجاب میں میرٹ، گڈ گورننس اور شفافیت کا ایک ایسا معیار قائم ہو چکا ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ سفارشی کلچر کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا گیا ہے اور ہر شعبے میں صرف اور صرف میرٹ کو بنیاد بنایا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب میں اب کوئی ایسا طبقہ نہیں رہا جسے حکومت نے ریلیف فراہم نہ کیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت سے پہلے مکمل ہو رہے ہیں، جس کی بدولت قومی خزانے کے اربوں روپے کی بچت ہو رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر سروے میں مریم نواز کی مقبولیت کا گراف مسلسل بڑھ رہا ہے۔عظمی بخاری نے عزم کا اظہار کیا کہ ترقی اور خوشحالی کا یہ سفر رکنے والا نہیں ہے۔ اگلے تین سالوں میں پنجاب میں ترقی کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ صوبے کا ہر شہری خوشحال ہو اور پنجاب صحیح معنوں میں ایک ماڈل صوبہ بن کر ابھرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں