نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس 218

وزیراعظم عمران خان کے جانے کا وقت آگیا ہے ان کا وقت کم رہ گیا ہے، مراد علی شاہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے جانے کا وقت آگیا ہے ان کا وقت کم رہ گیا ہے،جو ہوائیں اسلام آباد میں چل رہی ہیں اس کا اثر کراچی تک ہوتا ہے ۔

اسلام آباد میں احتساب عدالت کے روبرو پیش ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے مراد علی شاہ نے کہا کہ کمزور دل کے لوگ سیاست میں نہیں آسکتے، مستقبل میں لوگ عدلیہ، بیوروکریسی اور سول سروس میں بھی نہیں آئیں گے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کو آئین کی کوئی سمجھ نہیں، حکومت میں نااہل، کم عقل اور ناسمجھ لوگ جمع ہوگئے ہیں، حکومت کو دیکھ کر یہی سمجھ آتا ہے کہ ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے، جو نااہل لوگ جو آئین کی پاسداری نہیں کرتے وہ ملک کیا چلائیں گے، اگر کوئی افسر صوبے میں صحیح کام کر رہا ہے تو وفاق اسے صوبے سے نکال دیتی ہے۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ مردم شماری کے ریکارڈ میں سندھ کی آبادی صحیح طرح نہیں لکھی گئی، ہم نے مردم شماری کو چیلنج کر رکھا ہے، ہم نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کے لیے صدر پاکستان کو خط لکھا لیکن ہمارے خط کا کوئی جواب نہیں دیا گیا، آئندہ انتخابات میں دھاندلی کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلالیا گیا۔ جو ہوائیں اسلام آباد میں چل رہی ہیں اس کا اثر کراچی تک ہوتا ہے، وزیراعظم عمران خان کے جانے کا وقت آگیا ہے اور وہ جلد جائیں گے، ان کا وقت کم رہ گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں