اسلام آباد/ دبئی(رپورٹنگ آن لائن)نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے کہ پاکستان اور نیدر لینڈز کو باہمی دلچسپی کے امور پر دوطرفہ اور یورپی یونین کے ذریعے مل کر کام کرنا چاہیے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیل سے جاری اعلامیہ کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے دبئی میں اٹھائیسویں کانفرنس آف پارٹیز COPـ28 کے موقع پر ہالینڈ کے وزیر اعظم مارک روٹے سے ملاقات کی۔
نیویارک، امریکہ میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں کی یہ دوسری ملاقات تھی۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور افغانستان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر گفتگو کی۔دونوں رہنماؤں نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی حقوق کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں سربراہان نے اس سال دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد اور دی ہیگ میں منعقد ہونے والی تقریبات کو سراہا۔
وزیراعظم کاکڑ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور نیدر لینڈز کو باہمی دلچسپی کے امور پر دوطرفہ اور یورپی یونین کے ذریعے مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے ڈچ کمپنیوں کو زراعت، باغبانی، پانی کے انتظام اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں اضافے کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم کاکڑ نے کاپ 28 کے حوالے سے بہتر نتائج کی امید کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کی کم کاربن خارج کرنے والے ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کا شکار ہے۔ وزیراعظم کاکڑ نے نیدرلینڈز کے وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔