مراد علی شاہ 10

نوجوان سندھ کا قیمتی اثاثہ، ان کی کامیابی روشن مستقبل کی ضمانت ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ نوجوان سندھ کا قیمتی اثاثہ، امید، توانائی اور روشن مستقبل کی سب سے بڑی طاقت ہیں، نوجوانوں کی کامیابی ہی سندھ کے روشن، مضبوط اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، آج کا نوجوان صرف مستقبل کا معمار نہیں بلکہ موجودہ دور کی ترقی اور مثبت تبدیلی کا فعال شراکت دار بھی ہے۔ سندھ کے نوجوان تعلیم، ٹیکنالوجی، کاروبار، کھیل، فنون اور سماجی خدمت سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مواقع، معیاری تعلیم، ہنر اور روزگار سے جوڑنا سندھ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں بروئے کار لانے کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور تیزی سے بدل رہا ہے اور ٹیکنالوجی نے نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے راستے کھول دیے ہیں۔ ڈیجیٹل مہارتوں، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق ہنر نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع فراہم کرسکتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نوجوانوں کو جدید تعلیم، فنی تربیت، ڈیجیٹل مہارتوں اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ وہ نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کو منوا سکیں۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کی معاشی اور سماجی ترقی میں نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیت، جدت اور قیادت اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ نوجوان اگر اپنی توانائی، صلاحیت اور علم کو مثبت مقاصد کے لیے استعمال کریں تو صوبے کی ترقی کے عمل کو مزید تیز کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ صرف حکومتی اقدامات سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کا تعاون، یکجہتی اور نوجوانوں کی بامعنی شمولیت ضروری ہے۔ نوجوانوں کو فیصلہ سازی اور ترقی کے عمل میں مناسب مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کرتی ہے اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی تعلیم، ہنر اور صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دیں اور سندھ کے روشن مستقبل کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔سید مراد علی شاہ نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت نوجوان نسل کو بااختیار بنانے، انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ان کے لیے تعلیم، ہنر، روزگار اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں