سردار ایاز صادق 11

نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، پاکستانی نوجوانوں نے مختلف شعبوں میں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، سردار ایاز صادق

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، ہمارے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، پاکستانی نوجوانوں نے مختلف شعبوں میں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، قومی اسمبلی نوجوانوں کو باختیار بنانے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی کرنے کے لیے پرعزم ہے، یوتھ انٹرنشپ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو پارلیمانی امور سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ینگ پارلیمنٹیرینز فورم نوجوانوں میں جمہوری شعور اجاگر کرنے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے، نوجوانوں کی پارلیمانی عمل میں شمولیت جمہوریت کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے، ینگ پارلیمنٹیرینز فورم نوجوانوں کے مسائل کو اجاگر کرنے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے، ینگ پارلیمنٹرینز فورم نوجوانوں اور پارلیمان کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی مہارتوں سے آراستہ ہونا ملک کی ترقی کے لیے اہم ہے، حکومت پاکستان نوجوانوں کو روزگار کے باعزت مواقع فراہم کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان کی پہلی نیشنل یوتھ ایپلائمنٹ پالیسی قابل ستائش اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں