سعدیہ جاوید 17

مفتاح اسماعیل کراچی کی فکر چھوڑیں اور پہلے اپنی ناکام معاشی پالیسیوں کا حساب دیں،سعدیہ جاوید

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے عوام پاکستان پارٹی کے رہنما مفتاح اسماعیل کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل کراچی کی فکر چھوڑیں اور پہلے اپنی ناکام معاشی پالیسیوں کا حساب دیں۔سعدیہ جاوید نے کہا کہ کراچی سے متعلق عالمی رپورٹ “اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ” کے سروے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

کاغذی انڈیکس اور زمینی حقائق میں ہمیشہ فرق ہوتا ہے۔ عالمی اداروں کے ایسے سروے اور رپورٹس زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور رہے گا۔ منفی پروپیگنڈا کرنے والے ناکام ہوں گے۔ مفتاح اسماعیل کو چاہیے کہ وہ پریس کلب میں بیٹھ کر پوائنٹ اسکورنگ کرنے کے بجائے تعمیری سیاست کریں۔ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کراچی کے عوام جانتے ہیں کہ شہر کی سڑکوں اور انفراسٹرکچر پر پاکستان پیپلز پارٹی کا کام بول رہا ہے۔ سابق وزیر خزانہ کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک آج بھی مہنگائی کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے۔

سعدیہ جاوید نے مزید کہا کہ سندھ حکومت فنڈز کا بہترین استعمال کر رہی ہے، جبکہ الزام تراشی مفتاح اسماعیل کا پرانا مشغلہ ہے۔ بجلی کے بلوں پر سیاست چمکانے والے بتائیں کہ اپنے دورِ اقتدار میں عوام کو کیا ریلیف دیا؟انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل صرف سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے پریس کانفرنسوں کا سہارا لے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں