شیری رحمان 13

پاکستان میں تیزی سے بڑھتی آبادی معیشت، وسائل اور عوام کی زندگی کے لیے بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے،شیری رحمن

اسلام آبا د(رپورٹنگ آن لائن)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ پاکستان میں تیزی سے بڑھتی آبادی معیشت، وسائل اور عوام کی زندگی کے لیے بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے،خاندانی منصوبہ بندی کو قومی بجٹ، معاشی منصوبوں اور ترقیاتی پالیسی کا اہم حصہ بنایا جائے۔ورلڈ پاپولیشن ڈے پر اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہاکہ دنیا کی آبادی 8.2 ارب جبکہ پاکستان کی آبادی تقریباً 25 کروڑ 90 لاکھ ہو چکی، پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا آبادی والا ملک ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان میں آبادی بڑھنے کی سالانہ شرح 2.55 فیصد ہے جبکہ شرح پیدائش جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ 3.6 ہے۔ انہوںنے کہاکہ اگر یہی رفتار جاری رہی تو 2050 تک پاکستان کی آبادی تقریباً 39 کروڑ ہو جائے گی، اس کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ تیزی سے بڑھتی آبادی پانی، خوراک، علاج، تعلیم، رہائش اور روزگار پر مسلسل دباؤ بڑھا رہی ہے،آبادی کا مسئلہ صرف تعداد کا نہیں بلکہ ہر شہری کو بہتر زندگی کی سہولتیں دینے کا بھی معاملہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ خاندانی منصوبہ بندی کو قومی بجٹ، معاشی منصوبوں اور ترقیاتی پالیسی کا اہم حصہ بنایا جائے۔

انہوںنے کہاکہ پانچ سال سے کم عمر تقریباً 40 فیصد بچے غذائی کمی کی وجہ سے جسمانی نشوونما میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ملک کی تقریباً 42 فیصد آبادی غربت میں زندگی گزار رہی ہے جبکہ محدود وسائل کے باوجود بڑے خاندان بن رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آبادی میں اضافہ صرف خواتین کا نہیں بلکہ ہر خاندان اور پورے ملک کا مسئلہ ہے، اس کے اثرات آنے والی نسلوں تک پہنچتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان میں اوسطاً ہر جوڑے کے ہاں ایک غیر منصوبہ بند بچہ پیدا ہوتا ہے، خاندانی منصوبہ بندی اور صحت کی بہتر سہولتیں ضروری ہیں،2025 میں تقریباً ایک کروڑ 10 لاکھ پاکستانی خوراک کی شدید کمی کا شکار رہے، بڑھتی آبادی اس مسئلے کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلی، پانی کی کمی اور خوراک کے مسائل سے نمٹنے کے لیے آبادی پر قابو پانا ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ، صوبائی حکومتیں، علما، اساتذہ، ڈاکٹرز اور سول سوسائٹی مل کر عوام میں آگاہی پیدا کریں،صحیح منصوبہ بندی، عوام پر سرمایہ کاری اور بہتر فیصلوں سے بڑھتی آبادی کو ملک کی طاقت بنایا جا سکتا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں