اسلام آبا د(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ے کہا ہے کہ پاکستان جیسا ملک آبادی میں بے ہنگم اضافے کا متحمل نہیں ہوسکتا،۔
آبادی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ آبادی کی منصوبہ بندی محض اعداد و شمار کا معاملہ نہیں بلکہ سماجی انصاف اور پائیدار ترقی کا اہم تقاضا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ کسی بھی قوم کی حقیقی طاقت صرف اس کی آبادی کی تعداد میں نہیں،بلکہ اس بات میں ہوتی ہے کہ وہ قوم اپنے لوگوں کی کتنی بہتر پرورش، تعلیم، تربیت، بااختیار بنانے اور حفاظت کا بندوبست کرتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان جیسا ملک آبادی میں بے ہنگم اضافے کا متحمل نہیں ہوسکتا، ضروری ہے کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترجیح بنایا جائے۔
انہوںنے کہاکہ ضروری ہے کہ آبادی کی منصوبہ بندی کے حوالے سے مؤثر، جامع اور عوام دوست حکمتِ عملی اختیار کی جائے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ معیاری صحت کی سہولیات، بہتر تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانااور باعزت روزگار کے مواقع بڑھانا ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ اس طرح کے اقدام سے پاکستان اپنی بڑھتی ہوئی آبادی کو ایک قیمتی قومی سرمایہ بنا سکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ اس بات پر یقین رہا ہے کہ انسانوں پر سرمایہ کاری ہی قومی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کی مضبوط بنیاد ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آبادی کے عالمی دن پر قائدِ عوام بھٹو شہید اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وڑن سے تجدید کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ایسی عوام دوست اور جامع پالیسیوں کی ضرورت ہے جن کے فوائد سے کوئی شہری محروم نہ رہے۔ انہوںنے کہاکہ امید ہے عالمی یومِ آبادی قوم کو اس عزم کی تجدید کاباعث بنے گا،آج یہ تجدید عزم کریں کہ ہم سب مِل کر ایک بہتر پاکستان تعمیر کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ایک ایسا پاکستان جہاں ہر فرد کو باوقار زندگی گزارنے اور معاشرے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے مواقع ہوں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ایک ایسا پاکستان جہاں سب کو اپنی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لانے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔









