کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ و سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے ساتھ برآمدات میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، حکومت مالیاتی نظم و ضبط اور معاشی استحکام پر توجہ دے رہی ہے۔نیشنل ایس ڈی جیز انویسٹمنٹ فیئر سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ میں حکومت کا کردار کلیدی ہے، ملک کو ایسی معاشی نمو درکار ہے جو ذمہ دارانہ اور پائیدار ہو۔ عالمی معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاشی پالیسی کو آگے بڑھانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی کیلئے معاشی پالیسی کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں اور معاشی استحکام بنیادی ضرورت ہے۔ سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کیلئے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنا ہوگا، مقامی سرمایہ کار فعال ہوں گے تو بیرونی سرمایہ کاری بھی آئے گی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستانی کاروباری گروپس اب مل کر کنسورشیم بنا کر کام کررہے ہیں۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 5 ابتدائی عوامی پیشکشیں (آئی پی اوز) ہوئیں، جبکہ گزشتہ مالی سال 11 آئی پی اوز ہوئے جو 20 سال کی بلند ترین سطح ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ موسمیاتی نقصانات کے فنڈ سے پاکستان کو مطلوبہ مدد نہیں مل رہی، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے عالمی فنڈز سے مزید معاونت کی ضرورت ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں موسمیاتی خطرات کو سمجھنا اور ان کی نگرانی کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی منصوبوں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کیلئے اداروں کی استعداد کار بڑھانا ضروری ہے۔ موسمیاتی منصوبوں میں صرف یہ نہیں دیکھنا چاہیے کہ کیا اور کیوں کیا جارہا ہے بلکہ کیسے اور کون کرے گا، اس پر بھی توجہ دینا ہوگی۔








