یونیسف 33

مستند ڈیٹا کی بنیاد پر ترقیاتی ترجیحات کا تعین اور عوامی وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے، MICS 2025 ساہیوال ڈویژن میں شواہد پر مبنی پالیسی سازی اور متوازن ترقی کے لیے اہم سنگ میل ہے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل

اوکاڑہ ( شیر محمد )پنجاب حکومت اور یونیسف کے اشتراک سے MICS 2025 Launch – Sahiwal Division کی تقریب، بچوں، خواتین اور گھرانوں کی صورتحال کے مستند اشاریے پیش، صحت، تعلیم اور سماجی ترقی کے شعبوں میں تینوں اضلاع اور دیگر ڈویژنوں کا تقابلی جائزہپنجاب حکومت اور یونیسف کے اشتراک سے ملٹی پل انڈیکیٹر کلسٹر سروے (MICS) پنجاب 2025 کے تحت MICS 2025 Launch – Sahiwal Division کی تقریب آرٹس کونسل ساہیوال کے جناح ہال میں منعقد ہوئی۔

“Measuring What Matters for Punjab’s Future” کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستند اعداد و شمار اور شواہد پر مبنی منصوبہ بندی ہی مؤثر حکمرانی، عوامی فلاح اور پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔ بچوں، خواتین اور گھرانوں کی حقیقی ضروریات کو سمجھنے اور ان کے معیارِ زندگی میں بہتری لانے کے لیے قابل اعتماد ڈیٹا کی روشنی میں پالیسی سازی اور ترقیاتی ترجیحات کا تعین ناگزیر ہے۔ MICS 2025 کے نتائج ساہیوال ڈویژن میں متوازن علاقائی ترقی اور عوامی ضروریات کے مطابق وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے اہم رہنمائی فراہم کریں گے۔تقریب میں ڈائریکٹر شماریات پنجاب شمس الہدی، یونیسف کے نمائندہ نعمان غنی، ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک، ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا، ڈی پی او ساہیوال عثمان ٹیپو اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران MICS پنجاب 2025 کی فائنڈنگ رپورٹ کے اہم نتائج اور سروے کے تحت مرتب کیے گئے اعداد و شمار پیش کیے گئے۔ شرکاء کو بچوں، خواتین اور گھرانوں سے متعلق مختلف سماجی و معاشی اشاریوں، صحت، تعلیم، بنیادی سہولیات تک رسائی اور معیارِ زندگی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ساہیوال ڈویژن کے تینوں اضلاع ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ دیگر اضلاع اور ڈویژنوں کے اعداد و شمار سے تقابلی تجزیہ بھی پیش کیا گیا، جس کے ذریعے مختلف شعبوں میں ترقی کے رجحانات، علاقائی تفاوت اور بہتری کے ممکنہ پہلوؤں کی نشاندہی کی گئی۔

کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی حقیقی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ منصوبہ بندی مقامی آبادی کی ضروریات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے۔ MICS جیسے جامع سروے حکومت کو یہ سمجھنے میں مدد دیتے ہیں کہ بچوں، خواتین اور گھرانوں کو کن شعبوں میں زیادہ توجہ اور سہولیات درکار ہیں۔ اس ڈیٹا کی بنیاد پر نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کی درست ترجیحات متعین کی جا سکتی ہیں بلکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور حکومتی اقدامات کے نتائج کا جائزہ بھی ممکن ہوتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ سروے کے نتائج کو محض رپورٹوں اور اعداد و شمار تک محدود رکھنے کے بجائے متعلقہ محکموں کی عملی منصوبہ بندی، پالیسی سازی اور انتظامی فیصلوں کا حصہ بنایا جائے۔ صحت، تعلیم اور سماجی ترقی کے شعبوں میں بہتری کے لیے اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ ساہیوال ڈویژن کے تینوں اضلاع میں ترقی کے یکساں مواقع اور بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔کمشنر نے کہا کہ شواہد پر مبنی حکمرانی کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ حکومتی فیصلوں کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے اور ہر علاقے تک پہنچیں۔ مستند ڈیٹا، مؤثر ادارہ جاتی رابطہ کاری اور درست ترقیاتی ترجیحات کے ذریعے ہی عوامی فلاح اور متوازن علاقائی ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں