یاسر خان 50

محمد رضوان کے ساتھ ایک سال گزارا ہے ، میرے ساتھ کام کیا ہے جس کا فائدہ ہورہا ہے ،یاسر خان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز راولپنڈیز کے یاسر خان نے کہا ہے کہ سابق کپتان محمد رضوان کے ساتھ ایک سال گزارا ہے ، انہوںنے میرے ساتھ کام کیا ہے جس کا فائدہ ہورہا ہے ،ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ اپنی ٹیم کیلئے اچھا کرے، میں بھی چاہتا ہوں کہ ٹیم کو چیمپئن بنوائوں۔

ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ گزشتہ پی ایس ایل کے بعد میں نے سابق کپتان محمد رضوان سے بیٹنگ کے حوالے سے بات کی تو انہوں نے مجھے اپنے پاس بلا لیا۔یاسر خان کے مطابق محمد رضوان کے پاس ایک سال گزارا، انہوں نے میرے ساتھ کام کیا جس کا فائدہ ہو رہا ہے، میں 1 سال محمد رضوان کے گھر پشاور میں رہا، 2 سیشنز میں 3 سے 4 گھنٹے بیٹنگ کرائی۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد میرا فرسٹ کلاس اچھا گیا، نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں پرفارمنس ہوئی، اب پی ایس ایل پر فوکس ہے، میں سمجھتا ہوں کہ محمد رضوان نے جس طرح مجھ پر کام کیا اس کا فائدہ ہو رہا ہے۔پشاور زلمی کے خلاف 46 گیندوں پر 83 رنز بنانے والے جارح مزاج بیٹر یاسر خان نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ اپنی ٹیم کے لیے اچھا کرے، میں بھی چاہتا ہوں کہ ٹیم کو چیمپئن بنوائوں۔

انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک میں میری بہت اچھی پرفارمنسز ہیں، ٹھیک ہے میں قومی ٹیم میں نہیں آ سکا، یہ قسمت کی بات ہے، ابھی میرا ٹائم نہیں آیا، جب ٹائم آئے گا تو اللہ خود راستہ بنا دے گا۔یاسر خان نے کہا کہ ذہن میں آتا ہے کہ تیزی سے موقع کیوں نہیں ملا لیکن یہ یقین بھی ہونا چاہیے کہ قسمت میں جو لکھا ہے وہی ہو گا، جب میرے نصیب میں ہو گا اللہ خود لوگوں کے دلوں میں ڈالے گا۔یاسر خان نے کہا کہ راولپنڈیز میں سینئر اور جونیئرز مل کر ایک دوسرے کو مل کر سپورٹ کرتے ہیں اور ٹیم کا ماحول بہت اچھا بن چکا ہے۔انہوںنے کہاکہ جوں جوں میچز ہو رہے ہیں پِچز سِلو بھی ہو رہی ہیں، ہم نے بھی اب اسی طرح بیٹنگ پریکٹس کا آغاز کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں