لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا ہے کہ پٹرولیم لیوی بھتہ ختم نہ ہوا تو اسلام آباد مارچ ، پہیہ جام اور ٹرین مارچ کے آپشنز موجود ہیں ، حکومت مذاکرات کے لیے سنجیدہ ٹیم بھیجے ، بیس سے تیس مقامات پر مستقل دھرنے چل رہے ہیں ، دھرنوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر جاری دھرنا کے تئیسویں روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ موجود حکومت نے لیوی بھتہ کی مد میں اب تک چار ہزار ارب کا ڈاکہ غریب اور عام آدمی جیب پر ڈالا ہے ، دوسری جانب ٹیکس اہداف کے حصول کے لیے ایف بی آر میں سالانہ اربوں کی کرپشن ہورہی ہے ، چار سال میں ایف بی آر نے ٹیکس نیٹ میں شامل افراد سے پانچ ہزار ارب کا ٹیکس وصول نہیں کیا، حکمران اپنی نااہلی کا بوجھ عوام پر ڈال رہے ہیں ، ان کی اپنی عیاشیاں جاری ہیں ، افسر شاہی کنالوں پر مشتمل گھروں میں سرکاری گاڑیوں اور نوکروں چاکروں کی بے پناہ سہولیات سے لطف اٹھا رہے ہیں ، وسائل پر جاگیرداروں ، وڈیروں اور خاندانوں پر مشتمل سیاسی پارٹیوں قابض ہیں جنہیں مقتدرہ نے قوم پر مسلط کیا ہے ۔
جماعت اسلامی کے دھرنوں سے عوام میں شعور بیدار ہو رہا ہے ، دھرنوں میں شریک جماعت اسلامی کے کارکنان اور عام لوگوں کو خراج تحیسن پیش کرتے ہیں ، نوجوان تحریک کا حصہ بنیں ، ہماری جدوجہد ملک کے غریب عوام کے لیے ہے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی ٹیم اسلام آباد میں موجود ہے ، آج حکومت سے مذاکرات ہوں گے ، بامعنی بات چیت کے لیے حکومت پیشہ وار اور ذمہ دار لوگوں کو بھیجے ، ٹال مٹول سے کام لیا گیا تو حکومت کو مزید احتجاج کا سامنا کرنا پڑے گا ، حکمران دھرنوں سے تنگ ہیں اور کہا جاتا ہے کہ راستے کھول دیں ، انہوں نے خود عوام کے سارے راستے بند کردیے ہیں ، صرف ججز کو دستیاب سہولیات ہی دیکھ لیں ، یہ خود ریاستی وسائل کا بے دریغ استعمال کررہے ہیں اور عوام کو لوٹ رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ غربت ہے ، مریم نواز نے گیارہ ہزار سکولوں کو فروخت کردیا ہے ، مزید پچیس ہزار برائے فروخت ہیں، پنجاب میں نویں کے امتحان میں سرکاری سکولوں سے ساٹھ فیصد بچے فیل ہوگئے ہیں ، صحت کے شعبہ کا برا حال ہے۔
پیپلز پارٹی سندھ پر گزشتہ چالیس برس سے قابض ہے ، کراچی کے میٔر کی سیٹ پر اس نے اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے قبضہ کیا ہے ، صوبہ میں کرپشن عام ہے ، عوام قبضہ گروپوں سے تنگ آچکے ہیں۔ جماعت اسلامی نے عام آدمی کے مسائل اجاگر کرکے سیاست کا رخ بدل دیا ہے ، کوئی بھی دیگر سیاسی جماعت عوام کی بات نہیں کرتی۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ حکومت شرح سود میں ایک فیصد کمی کرکے پانچ سو ارب سے زیادہ بچا سکتی ہے ، بینکوں کو نوازنے کی پالیسی بند کی جائے ، شرح سود میں تین فیصد کمی ہو اور آئی پی پیز کو سالانہ سترہ سو ارب کی ادائیگیاں روک لی جائیں تو پٹرولیم لیوی ختم بھی ہوسکتی ہے اور معیشت کو فائدہ بھی ہوگا ، جماعت اسلامی مذاکرات کے دوران حکمرانوں کو قابل عمل حل بتائے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے یوم ختم نبوت کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم سے تمام پاکستانی محبت کرتے ہیں ، ختم نبوت کے حوالے سے کردار ادا کرنے والی تمام مذہبی جماعتوں اور علماء اکرام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، اس حوالے سے جماعت اسلامی نے اہم ترین کردار ادا کیا ہے ، مسائل کا حل حضورپاک کے بتائے گئے اصولوں سے ہی ممکن ہے ، اسلام کا نظام ہی عدل و انصاف کا نظام ہے۔ انہوں نے یوم فضائیہ کے دن کے حوالے سے پاک فضائیہ کی ہندوستان کے خلاف جنگ میں فتح پر بنیادی کردار کی تحیسن کی اور فضائیہ سمیت افواج پاکستان کے تمام شعبوں کی دفاع وطن کے لیے خدمات کو سراہا ، تاہم انہوں نے کہا کہ ادارے سیاسی عمل میں مداخلت نہ کریں اس سے عوام میں ان کی عزت اور وقار میں مزید اضافہ ہوگا۔









