لیسکو

لیسکو کابڑے کمرشل وصنعتی کنکشنز کے حامل صارفین کو ریلیف دینے کا فیصلہ

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)نے بڑے کمرشل اور صنعتی صارفین کو اہم ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا ، کمپنی نے دو کی بجائے ایک اے ایم آئی سمارٹ میٹر لگانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔

یہ نوٹیفکیشن ڈائریکٹر کسٹمر سروسز عباس علی کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جس کے تحت سولر سسٹم پر منتقل ہونے والے صارفین کے لیے اب بیک اپ میٹر لگوانا لازمی نہیں ہوگا۔ صارفین کو بلنگ کے لیے بیک اپ یا مین میٹر کا آپشن دیا گیا ہے۔ نئے کنکشنز کے لیے بھی صرف ایک ہی سمارٹ”LT TOU”میٹر لگانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

مالی ریلیف کی تفصیلات کے مطابق میٹر کی مد میں صارفین کو 45ہزار روپے کی بچت ہوگی، اے ٹی بکس (AT Box) کی مد میں 80ہزار روپے کا اضافی ریلیف دیا جائے گا۔ اس اقدام سے صارفین کو مجموعی طور پر 1لاکھ 25ہزار روپے تک کی بچت ممکن ہو سکے گی۔