لاہور(رپورٹنگ آن لائن )لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں سنگل فیز میٹرز کا بحران نیا رخ اختیار کر گیا ، جلنے اور خراب ہونے والے سنگل فیز میٹرز کی تعداد 82ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ کمپنی نیپرا قوانین کے مطابق صارفین کے میٹرز بروقت تبدیل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق خراب میٹرز کے حامل صارفین کو 11ماہ کی اوسط پر بھاری بھرکم بلز جاری کیے جا رہے ہیں۔ موسم میں تبدیلی کے باعث بجلی کا استعمال کم ہونے کے باوجود بعض صارفین کو گزشتہ سال ستمبر کے یونٹس کے مطابق بل جاری کیے گئے۔ذرائع کے مطابق لیسکو کے پاس سنگل فیز میٹرز کا اسٹاک ختم ہو چکا ہے جس کے باعث ایم سی اوز مکمل نہیں کیے جا سکے۔
بعض دفاتر میں پرانے میٹرز کی لیبارٹری رپورٹ حاصل کر کے دوبارہ نصب کرنے کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔میٹر بحران پر قابو پانے کے لیے لیسکو نے نئے کنکشنز کے لیے خریداری کا عمل آئوٹ سورس کر دیا ہے جبکہ صارفین کا دبا ئوکم کرنے کے لیے معاملہ پرائیویٹ سیکٹر کے سپرد کر دیا گیا ہے۔